کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 5 زخمیوں سمیت 6 ڈاکو گرفتار، ایک فرار

گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، منشیات، موبائل فونز اور نقد رقم برآمد، پولیس

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے مبینہ مقابلوں کے دوران 5 زخمیوں سمیت 6 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

پولیس کے مطابق نیو کراچی کے علاقے خمیسہ گوٹھ میں کارروائی کے دوران تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن میں دو زخمی حالت میں پکڑے گئے۔

زخمی ملزمان عمران اور تابو کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ تیسرا ملزم سہیل کو تھانے منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے قبضے سے اسلحہ، منشیات، موبائل فونز اور نقد رقم برآمد ہوئی ہے۔

ادھر پاکستان بازار تھانے کی حدود گلشن ضیا، اورنگی ٹاؤن میں ایک اور مبینہ مقابلے کے دوران دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔

دونوں ملزمان کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی شناخت علی احمد اور عدنان کے ناموں سے کی گئی۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔

اسی طرح اورنگی ٹاؤن سیکٹر سکس ای میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہو گیا۔

گرفتار ملزم احمد کو بھی طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے اسلحہ، موٹرسائیکل اور موبائل فون برآمد ہوا ہے۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزم کی تلاش جاری ہے۔

Load Next Story