جاپان میں 6.2 شدت کے طاقتور زلزلے نے شمالی علاقوں کو ہلا کر رکھ دیا
فوٹو: فائل
جاپان کے شمالی علاقے ایک بار پھر زلزلے کے شدید جھٹکوں سے لرز اٹھے، جہاں پیر کی صبح آنے والے طاقتور زلزلے نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔
زلزلے کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی جس کا مرکز ہوکائیدو کے ایک چھوٹے قصبے ساربیتسو کے قریب زمین کی گہرائی میں واقع تھا۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ زمین کے اندر تقریباً 81 کلومیٹر گہرائی میں آیا جس کے باعث جھٹکے دور دور تک محسوس کیے گئے۔
حکام کے مطابق خوش قسمتی سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی جبکہ جاپان کی ارضیاتی ایجنسی نے سونامی کا کوئی انتباہ جاری نہیں کیا۔
تاہم یہ زلزلہ ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب صرف ایک ہفتہ قبل اسی خطے میں 7.7 شدت کے خطرناک زلزلے نے حکام کو ممکنہ میگا زلزلے کے خدشے پر وارننگ جاری کرنے پر مجبور کر دیا تھا۔
ماہرین کے مطابق حالیہ جھٹکوں نے اس خدشے کو ایک بار پھر تقویت دی ہے کہ جاپان کے شمال مشرقی ساحلی علاقوں میں کسی بڑے زلزلے کا خطرہ موجود ہے، جس کے پیش نظر نگرانی کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
زلزلے کے بعد شہریوں میں بے چینی پائی جا رہی ہے، جبکہ حکام مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔