کراچی؛ لیاری سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث قادرو گروہ کے 3 کارندے گرفتار

گرفتار ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز، نقدی اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکلز برآمد کرلی گئیں

فوٹو فائل

کراچی:

لیاری کے علاقے  سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز میں ملوث قادرو گروہ کے 3 کارندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان پاکستان رینجرز (سندھ) کے مطابق خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے لیاری سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز کی متعدد وارداتوں میں ملوث ' قادرو گروہ  سے تعلق رکھنے والے 3 ملزمان غلام قادر ولد علی شیراز، حارث نواز عرف گولڈن ولد حق نواز بلوچ اور لاریب ولد محمد انور کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان کے قبضے سے 5 عدد موبائل فونز، نقدی اور وارداتوں میں استعمال ہونے والے 2 عدد موٹرسائیکل برآمد کر لیے گئے۔ گرفتار ملزمان اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ کراچی کے علاقوں لیاری، گارڈن، سی ویو، آئی آئی چندریگر روڈ، اور ملیر میں ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، غیر قانونی اسلحہ کی خرید و فروخت، موٹرسائیکل اور موبائل فون چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

گرفتار ملزم غلام قادر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ اسلحہ کے زور پر تقریباً 70 سے 80 کے لگ بھگ موٹرسائیکل، 230 سے 250 موبائل فون شہریوں سے چھین چکے ہیں۔ جن کو فروخت کر کے 30 سے 35 لاکھ روپے بھی وصول کر چکے ہیں۔

گرفتار ملزم غلام قادر سستے داموں غیر قانونی اسلحہ خریدنے اور منافع لے کر جرائم پیشہ افراد کو فروخت کرنے میں بھی ملوث ہے۔ ملزم غلام قادر اس سے پہلے بھی 2 بار پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو چکا ہے۔

گرفتار ملزم حارث عرف گولڈن نے انکشاف کیا کہ وہ موٹرسائیکل چھیننے کے علاوہ چھینے گئے موٹر سائیکل کے پرزہ جات کھول کر سستے داموں مختلف علاقوں میں فروخت کرنے میں ملوث ہے اور اس کام کی الگ سے اجرت لیتا تھا۔

گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔  ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کو بمعہ برآمد شدہ سامان مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

Load Next Story