راولپنڈی؛ تین بڑے سرکاری اسپتالوں میں سالانہ پروکیورمنٹ کیلنڈر کی خلاف ورزی کا انکشاف
فوٹو: فائل
راولپنڈی کے تین بڑے سرکاری اسپتالوں میں سالانہ پروکیورمنٹ کیلنڈر کی خلاف ورزی کا انکشاف ہوا جس پر اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سخت نوٹس لے لیا۔
نوٹس کے متن کے مطابق ہولی فیملی اسپتال، بینظیر بھٹو جنرل اسپتال اور راولپنڈی ٹیچنگ اسپتال میں ادویات اور ڈسپوزیبل اشیا کی خریداری کے لیے مقررہ سالانہ پروکیورمنٹ کیلنڈر پر عمل درآمد نہیں کیا گیا، جس سے مالیاتی ڈسپلن بھی متاثر ہوا۔
محکمے نے تینوں اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس سے پانچ روز میں وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بتایا جائے کیوں نہ اس کوتاہی، نااہلی اور مبینہ مس کنڈکٹ پر ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ افسران پروکیورمنٹ کیلنڈر نافذ کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہے اور انہوں نے محکمانہ ہدایات کو دانستہ طور پر نظر انداز کیا۔
ریکارڈ کے مطابق لوکل پرچیز کی مقررہ حد سے تجاوز بھی کیا گیا، جو مالیاتی قواعد اور پالیسی کی واضح خلاف ورزی ہے۔ ہولی فیملی اسپتال میں 40 فیصد، بینظیر بھٹو جنرل اسپتال میں 57 فیصد جبکہ راولپنڈی ٹیچنگ اسپتال میں 39 فیصد خریداری لوکل پرچیز کے تحت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں اسپتالوں پر ادویات فراہم کرنے والے وینڈرز کے کروڑوں روپے واجب الادا ہیں، جس کے باعث سپلائرز نے مزید ادویات اور ڈسپوزیبل فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ صورتحال کے باعث سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کا نظام بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔