اداکارہ حنا رضوی کی طبیعت بگڑ گئی، آئی سی یو میں منتقل
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حنا رضوی کی اچانک طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس وقت وہ انتہائی نگہداشت کے شعبے (آئی سی یو) میں زیرِ علاج ہیں۔
اداکارہ کی صحت سے متعلق خبر سامنے آتے ہی مداحوں اور ساتھی فنکاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ حنا رضوی نے خود اسپتال سے ایک مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں انہیں آکسیجن ماسک اور ڈرِپ کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔
اس ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تیزی سے توجہ حاصل کی اور ان کے چاہنے والوں کو فکر میں مبتلا کر دیا۔ ویڈیو کے ساتھ دیے گئے پیغام میں انہوں نے اپنے مداحوں سے جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست بھی کی۔
اداکارہ کی علالت کی خبر جیسے ہی منظرِ عام پر آئی، سوشل میڈیا پر مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ کمنٹس میں ہر طرف ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔
تاحال ان کی بیماری کی نوعیت کے بارے میں کوئی واضح تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں، تاہم ان کے مداح پرامید ہیں کہ وہ جلد صحت یاب ہو کر دوبارہ اسکرین پر اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔