امریکا میں ریسٹورنٹ کے باہر فائرنگ سے دو افراد زخمی، حملہ آور فرار
آسٹن کے مشرقی علاقے میں فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا جس میں دو افراد زخمی ہوگئے جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی رات تقریباً 8 بجے سیم باربی کیو ریسٹورینٹ کے باہر پیش آیا، جہاں اچانک فائرنگ شروع ہوگئی۔
اس وقت قریبی مقام پر ایک ’سنڈے فن ڈے‘ ایونٹ جاری تھا جس میں موسیقی اور کھانے کا انتظام تھا، تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ فائرنگ کا اس تقریب سے کوئی تعلق تھا یا نہیں۔
ریسکیو اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور دو زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ دونوں افراد کی حالت کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور فی الحال عوام کو کسی فوری خطرے کی اطلاع نہیں دی گئی۔
فائرنگ کے بعد چیکون اور الامو اسٹریٹس کے درمیان علاقے کو کئی گھنٹوں تک بند رکھا گیا، جبکہ پولیس نے شواہد اکٹھے کرنے کے لیے سرچ آپریشن جاری رکھا۔
عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے بعد موقع پر بھگدڑ مچ گئی اور لوگ اپنی جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگنے لگے۔