کراچی: سب اسٹیشن سے سامان چوری کی واردات کے بعد نیا انفراسٹرکچر نصب کردیا گیا

واقعے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ مقام کا معائنہ کیا گیا اور نظام کو دوبارہ فعال بنایا گیا، ترجمان

گلشنِ اقبال کے بلاک 13 میں واقع شازیہ حنیف گوہر کمپلیکس میں چوری کے واقعے کے بعد کے-الیکٹرک نے نیا انفراسٹرکچر نصب کر کے بجلی کی فراہمی بحال کر دی ہے۔

ترجمان کے مطابق واقعے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ مقام کا معائنہ کیا گیا اور نظام کو دوبارہ فعال بنایا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں کے-الیکٹرک کے کسی ملازم کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور عینی شاہدین کے مطابق ایک نجی کار اور ایک پک اپ گاڑی، جن پر ادارے کی کوئی شناخت موجود نہیں تھی، مبینہ طور پر اس واردات میں استعمال ہوئیں۔

کے-الیکٹرک حکام کے مطابق ادارہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور کسی بھی غیر مجاز فرد کو بجلی کے انفراسٹرکچر کے قریب نہ آنے دیں، کیونکہ اس طرح کی مداخلت خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔

 

Load Next Story