میرپورخاص: خودکشی کرنے والی میڈیکل طالبہ ہراسانی کے سبب شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھی، رپورٹ

طالبہ نے کالج انتظامیہ کو شکایات بھی کیں تاہم ان کے مطابق کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی، پی ایم ڈی سی تحقیقاتی کمیٹی

میرپورخاص:

میرپورخاص میں میڈیکل طالبہ کی موت کی تحقیقات میں تیزی آگئی، پی ایم اینڈ ڈی سی فیکٹ فائنڈنگ ٹیم نے اہل خانہ سے ملاقات کی تو معلوم ہوا کہ ہراسانی کے سبب طالبہ ذہنی دباؤ کا شکار تھی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خودکشی کرنے والی محمد میڈیکل کالج میرپور خاص کی تیسرے سال کی طالبہ فہمیدہ لغاری کی افسوس ناک موت کی تحقیقات جاری ہیں، پی ایم اینڈ ڈی سی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی ہوئی ہے، پی ایم اینڈ ڈی سی کی ایک سینئر افسر نے متاثرہ خاندان کے گھر جاکر ملاقات کی اور رپورٹ باضابطہ طور پر پی ایم ڈی سی میں جمع کرادی۔

اہل خانہ کے مطابق مرحومہ واقعے سے قبل کئی دنوں سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھی،  جس کی وجہ مبینہ طور پر بعض افراد، بشمول ساتھی طلبہ کی جانب سے مسلسل ہراسانی بتائی گئی ہے، طالبہ نے کالج انتظامیہ کو شکایات بھی کیں تاہم ان کے مطابق کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق متعلقہ مواد اور ابتدائی شواہد فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ موبائل ڈیٹا کی فرانزک جانچ کے بعد مزید وضاحت متوقع ہے۔

اس حوالے سے صدر پی ایم ڈی سی نے کہا ہے کہ اینٹی ہراسمنٹ کمیٹیاں نہ صرف قائم ہوں بلکہ مؤثر، فعال اور طلبہ کے لیے قابلِ رسائی بھی ہوں، اگر ادارہ جاتی نظام ناکام ہو تو طلبا کو چاہیے کہ وہ براہِ راست پی ایم اینڈ ڈی کی ہراسمنٹ کمیٹی سے رابطہ کریں۔

متعلقہ

Load Next Story