پی ایس ایل میں پہلی بار پشتو کمنٹری کا آغاز، پشاور زلمی کے اشتراک سے بڑی پیش رفت
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پہلی مرتبہ پشتو زبان میں کرکٹ کمنٹری متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جسے شائقین کرکٹ کے لیے ایک منفرد اور خوش آئند اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل میں پشاور زلمی کے اشتراک سے پشتو کمنٹری کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس نئی پیش رفت کے تحت ایونٹ میں زلمی کے بقیہ میچز کے دوران ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر پشتو زبان میں کمنٹری نشر کی جائے گی، جس کا مقصد خیبرپختونخوا اور پشتو بولنے والے شائقین کو مزید قریب لانا ہے۔
دوسری جانب پاکستان سپر لیگ میں اہم مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں پشاور زلمی کل اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کوالیفائر میچ میں مدِمقابل ہوگی۔ میچ میں کامیابی کی صورت میں زلمی فائنل تک رسائی حاصل کر لے گی، جبکہ شکست کی صورت میں ٹیم کو ایلیمینیٹر مرحلے میں ایک اور موقع ملے گا۔
پی ایس ایل 11 کا فائنل 3 مئی کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جہاں ٹورنامنٹ کی دو بہترین ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی۔