12 سالہ طالبعلم کے اغوا اور بدفعلی کے ملزمان سی سی ڈی سے مقابلے میں ہلاک
ٹیکسلا کے علاقے میں اغوا برائے تاوان میں ملوث انتہائی خطرناک ملزمان اور سی سی ڈی کے درمیان خوفناک مقابلہ ہوا، جس میں دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں 2 ملزمان ہلاک ہوگئے۔
سی سی ڈی ذرائع کے مطابق مقابلہ اس وقت پیش آیا جب ٹیم نے اشتہاری ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپا مارا، تاہم ملزمان نے پولیس ٹیم کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران دونوں ملزمان مارے گئے، جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ مقابلے کے دوران ایک گولی کانسٹیبل جمیل کو بھی لگی تاہم وہ بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے محفوظ رہے۔
سی سی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان جڑواں شہروں میں گاڑی چوری، راہزنی سمیت بچوں کے ساتھ زیادتی کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھے۔
ملزمان نے چند روز قبل ریلوے گراؤنڈ ڈھوک حسو سے 12 سالہ اسکول طالبعلم کو اغوا کیا تھا، جسے بعد ازاں بدفعلی کا نشانہ بنایا گیا اور رہائی کے لیے 4 لاکھ روپے تاوان بھی وصول کیا گیا۔
متاثرہ طالبعلم نے ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت بھی کرلی ہے ۔ دونوں ملزمان کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔