نوشہرہ فائرنگ واقعہ؛ جاں بحق 5 افراد کی نماز جنازہ ادا
نظام پور میں غیر قانونی سونے کی تلاش کے تنازع پر دو گروپوں کے درمیان تصادم میں فائرنگ سے جاں بحق 5 افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
تین افراد کی اجتماعی نماز جنازہ آج ادا کی گئی جبکہ دو مقتولین کی نماز جنازہ گزشتہ رات ادا کی گئی تھی۔
گزشتہ روز عطاء اللہ اور صدام گروپ کے درمیان تصادم اس وقت شروع ہوا جب مبینہ طور پر غیر قانونی گولڈ مائننگ کے دوران تنازع پیدا ہوا جو بعد میں مسلح جھڑپ میں تبدیل ہو گیا۔
فائرنگ کے نتیجے میں مجموعی طور پر 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے جن میں دونوں گروپوں کے افراد شامل ہیں۔ علاقے میں فائرنگ کا سلسلہ دیر تک جاری رہا جس کے باعث مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
علاقے میں حالات بدستور کشیدہ ہیں اور عوام میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے، پولیس کی بھاری نفری علاقے میں امن و امان بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔