وزیراعظم سے نیوزی لینڈ کے ہم منصب کا ٹیلیفونک رابطہ، علاقائی استحکام پر بات چیت
وزیراعظم شہباز شریف سے نیوزی لینڈ کے ہم منصب نے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی استحکام پر بات چیت کی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو آج دوپہر نیوزی لینڈ کے وزیراعظم رائٹ آنریبل کرسٹوفر لیوکسان کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہونے والی گفتگو کے دوران مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کرسٹوفر لیوکسان کو خطے میں امن کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں اور روابط سے آگاہ کیا۔
نیوزی لینڈ کے وزیراعظم نے پاکستان کی تعمیری سفارتی کاوشوں، خصوصاً واشنگٹن اور تہران کے ساتھ روابط کو سراہا اور ان ثالثی کی کوششوں کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کرسٹوفر لیوکسان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خطے اور دنیا میں امن، مکالمے اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان و نیوزی لینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر نیوزی لینڈ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو بھی سراہا گیا۔
گفتگو کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف نے کرسٹوفر لیوکسان کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی جبکہ دونوں رہنماؤں نے آئندہ دنوں میں قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔