بحری قزاقوں کے ہاتھوں پاکستانی یرغمال، حکومت کی صومالیہ سے مدد کی درخواست
صومالیہ کے قریب بحری قزاقوں کے آئل ٹینکر پر حملے اور 11 یرغمال پاکستانیوں کی واپسی کیلیے حکومت نے اقدامات کا آغاز کردیا۔
وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے صومالیہ کے سفیر کو خط لکھ کر آئل ٹینکر پر سوار یرغمال بنائے گئے پاکستانی عملے کی محفوظ بازیابی کے لیے اقدامات پر زور دیا۔
اپنے خط میں انہوں نے جہاز "آنر 25" پر موجود پاکستانی عملے کی بحفاظت واپسی کے لیے مدد کی درخواست کی اور عملے کی سلامتی پر گہری تشویش سے آگاہ کیا۔
جنید انوار نے کہا کہ پاکستانی عملے کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔
دوسری جانب صومالیہ کی وزارت خارجہ نے پاکستان کی جانب سے خط موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہ کہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، پاکستانی شہریوں اور جہاز سے متعلق معلومات قومی سلامتی اداروں کو دے دی گئیں ہیں۔
صومالی حکام کے مطابق جہاز اور عملے سے متعلق ہر نئی پیش رفت پاکستان کو فوری دی جائے گی۔
دریں اثنا پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے صومالیہ میں قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے جانے والے پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل کی بلاول ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔
رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل نے صومالیہ کے قریب بحری قزاقوں کی جانب سے اغوا کئے گئے ایم ٹی آنر 25 نامی آئل ٹینکر کے پاکستانی قیدیوں کی صورت حال سے آگاہ کیا۔
قادر پٹیل نے بریفنگ میں بتایا کہ بحری قزاقوں کی جانب سے اغواء کیے گئے ایم ٹی آنر 25 نامی آئل ٹینکر کے 17 رکنی عملے میں 10 پاکستانی شہری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بحری قزاقوں کی جانب سے اغوا کیے گیے آئل ٹینکر کے 10 مغوی پاکستانیوں میں سے چھ کا تعلق کراچی اور دیگر کا سوات، باجوڑ، ساہیوال اور مردان سے ہے۔
بریفنگ میں بلاول بھٹو کو بتایا گیا کہ بحری قزاق عملے پر تشدد کررہے ہیں، عملے کو خوراک کی بھی قلت کا سامنا ہے، انڈونیشیا اپنے ملک کے سات شہری رہا کروانے کے لئے بحری قزاقوں سے رابطے میں ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے یقین دہانی کرائی کہ بحری قزاقوں کی قید میں موجود پاکستانی شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزارت خارجہ کے حکام، ڈائریکٹر جنرل فارن افیئرز بحری قزاقوں سے پاکستانی شہری رہا کروانے کے لئے اقدامات کریں۔