کراچی، ابراہیم حیدری میں پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، ساتھی فرار
شہر قائد کے علاقے ابراہیم حیدری میں پولیس اور ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق مقابلہ معمول کی گشت کے دوران پیش آیا جہاں مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔
جوابی کارروائی میں ایک ملزم زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت عبدالعزیز کے نام سے ہوئی ہے جسے زخمی حالت میں فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز اور نقد رقم بھی برآمد ہوئی ہے جبکہ فرار ہونے والے ساتھی کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔