اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹر کے سالانہ امتحانات کا آغاز
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹر کے سالانہ امتحانات کا آغاز آج بدھ سے ہوگیا۔
چیئرمین انٹربورڈ فقیر محمد لاکھو کے مطابق امتحانات میں صبح اور شام کی شفٹوں میں 1 لاکھ 60 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شرکت کر رہے ہیں۔ صبح اور شام کی شفٹوں میں مجموعی طور پر 175 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، 130 امتحانی مراکز صبح کی شفٹ میں جبکہ 45 شام کی شفٹ میں بنائے گئے ہیں۔
چیئرمین انٹربورڈ کے مطابق صبح اور شام کی شفٹوں میں مجموعی طور پر 21 امتحانی مراکز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، صبح کی شفٹ میں پرچے کا دورانیہ 9 بجے سے 11 بجے تک ہوگا، امتحانات کے دوران گرمی کی شدت کے پیش نظر ریسکیو 1122 کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ امتحانی مراکز پر فرسٹ ایڈ باکسز اور امتحانی مراکز کے قریب ایمبولینس سروسز کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔
چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ کے مطابق امتحانی نظام میں شفافیت اور نگرانی کو مزید موثر بنانے کیلئے پہلی مرتبہ ڈیجیٹل اٹینڈنس مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، اس جدید نظام کے تحت امتحانی عملے اور طلبہ کی حاضری کو ڈیجیٹل طریقے سے ریکارڈ کیا جائے گا، امتحانات 15 جون 2026ء تک جاری رہیں گے۔