منی اسکرٹ پر تنقید کے بعد صحیفہ جبار نے مختصر لباس میں مزید تصاویر شیئر کردیں

صحیفہ کے بولڈ لباس پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا

پاکستانی ماڈل اور اداکارہ صحیفہ جبار نے گزشتہ دنوں اپنی منی اسکرٹ میں تصاویر پر شدید تنقید کے جواب میں اپنے اسکرٹس کا کلیکشن اور مختصر لباس میں مزید تصاویر شیئر کی ہیں۔

صحیفہ جبار خٹک ایک بار پھر اپنے منفرد انداز اور بے باک سوشل میڈیا رویے کے باعث خبروں میں آگئی ہیں۔ شوبز انڈسٹری میں اپنی ماڈلنگ، اداکاری اور کھل کر اظہارِ خیال کے لیے مشہور صحیفہ نے حالیہ تنقید کا جواب بھی روایتی انداز کے بجائے خاص انداز میں دیا ہے۔

صحیفہ متعدد کامیاب ڈراموں کا حصہ رہ چکی ہیں، اور سوشل میڈیا پر بھی خاصی متحرک رہتی ہیں۔ ایک ملین سے زائد انسٹاگرام فالوورز رکھنے والی اداکارہ اپنی نجی زندگی، کاروباری سرگرمیوں اور خیالات مداحوں کے ساتھ شیئر کرتی رہتی ہیں۔

حال ہی میں لاہور میں ہونے والے ایک ایونٹ میں صحیفہ کے بولڈ لباس پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ تاہم اداکارہ نے اس تنقید کو نظر انداز کرنے کے بجائے اپنے مخصوص انداز میں جواب دیتے ہوئے مختلف مواقع پر منی اسکرٹس میں لی گئی تصاویر کی ایک پوری کلیکشن شیئر کردی۔

شیئر کی گئی تصاویر میں صحیفہ کو سیاہ اور سفید منی اسکرٹس کے ساتھ مختلف کیژول انداز میں دیکھا گیا، جبکہ ایک تصویر جم کی بھی شامل تھی۔ اداکارہ نے طنزیہ کیپشن میں لکھا، ’Don’t ruin my leg day, bro‘، جسے مداحوں نے ان کے پراعتماد جواب کے طور پر دیکھا۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ صحیفہ جبار خٹک نے سوشل میڈیا تنقید پر دوٹوک ردعمل دیا ہو۔ وہ ماضی میں بھی اپنے خیالات اور ذاتی انتخاب کے دفاع میں کھل کر سامنے آتی رہی ہیں، جس کے باعث وہ اکثر خبروں اور آن لائن مباحث کا حصہ بنی رہتی ہیں۔

Load Next Story