میئر مرتضیٰ وہاب کی قیادت میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کا وفد واسا لاہور ہیڈ آفس پہنچ گیا
واسا لاہور ہیڈ آفس میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے اعلیٰ سطحی وفد نے دورہ کیا، جس کی قیادت مرتضیٰ وہاب کر رہے تھے۔
وفد میں سی ای او احمد علی صدیقی، سی او او اسداللہ خان، سی سی او حارث سرفراز، سی ایس او صادق یونس اور سی ایف او عمار خان بھی شامل تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین، چیئرمین پنجاب واسا چوہدری شیر علی خان، وائس چیئرمین چوہدری شہباز احمد اور ایم ڈی واسا غفران احمد نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
دورے کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان باہمی تجربات کا تبادلہ اور شہری خدمات میں بہتری کے لیے تعاون کو فروغ دینا ہے۔
اس کے تحت وفد کو پانی کی فراہمی، سیوریج سسٹم، ریونیو کلیکشن اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ انہیں واسا لاہور کے مختلف فیلڈ آپریشنز، ڈرینج سسٹم، ڈسپوزل اسٹیشنز اور مون سون سیزن کی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔