انٹربورڈ کراچی نے امتحان کے پہلے ہی روز پرچہ لیک کرنے کی کوشش ناکام بنا دی

امتحانات میں نقل، غیر قانونی ذرائع کا استعمال اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، ترجمان

کراچی:

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے سالانہ امتحانات برائے 2026ء کے پہلے ہی روز پرچہ لیک کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

بورڈ کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر زیر گردش بارہویں جماعت کے نباتیات (باٹنی) کے پرچے کے مبینہ لیک ہونے کی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ باٹنی کا پرچہ امتحان شروع ہونے کے تقریباً آدھے گھنٹے بعد واٹس ایپ گروپس میں شیئر کیا گیا، لہٰذا اسے کسی طور پر رچہ لیک قرار نہیں دیا جا سکتا۔

ترجمان کے مطابق تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ مذکورہ پرچہ گورنمنٹ ڈگری کالج کونکر ویلیج گڈاپ کے امتحانی مرکز سے ایک امیدوار کی جانب سے موبائل فون کے ذریعے باہر بھیجا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ انٹربورڈ کراچی میں قائم کنٹرول روم کی خصوصی ٹیم نے پرچے پر موجود واٹر مارک کے ذریعے فوری طور پر امتحانی مرکز کی نشاندہی کی اور موقع پر تعینات ویجی لینس آفیسر حنا شیخ سے رابطہ کیا۔

ویجی لینس آفیسر نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے طالبات کی تلاشی لی، جس کے نتیجے میں ایک طالبہ سے موبائل فون برآمد ہوا، جس میں متعلقہ پرچہ موجود تھا۔ امتحانی مرکز کی انتظامیہ نے قواعد و ضوابط کے مطابق طالبہ کے خلاف کیس بنا کر مزید کارروائی کے لیے انٹربورڈ کراچی ارسال کر دیا ہے۔

انٹربورڈ کراچی نے واضح کیا ہے کہ امتحانات میں نقل، غیر قانونی ذرائع کے استعمال اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد جاری رہے گا۔

Load Next Story