سری لنکا کرکٹ کے صدر شمی سلوا اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان مستعفی
سری لنکا کرکٹ بورڈ کے صدر شمی سلوا اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمی سلوا کے ساتھ سری لنکا کرکٹ کی ایگزیکٹو کمیٹی نے بھی استعفیٰ دے دیا ہے جس کے بعد کرکٹ بورڈ میں انتظامی خلا پیدا ہوگیا ہے۔
سری لنکا کرکٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شمی سلوا اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے اپنے استعفوں سے متعلق وزیر کھیل سنیل کمارا گاماگے کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔ اس اچانک پیش رفت نے ملک کے کرکٹ ڈھانچے میں غیر یقینی صورتحال کو جنم دے دیا ہے۔
سری لنکن میڈیا رپورٹس کے مطابق مستعفی ہونے کے بعد عبوری انتظامیہ کو ذمہ داریاں سونپی جائیں گی، جو نئے سیٹ اپ کے قیام تک امور چلائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ معروف بینکر ایرن وکرامارتنے سری لنکا کرکٹ کی قیادت سنبھالنے کے لیے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سری لنکا کرکٹ کو حالیہ عرصے میں انتظامی اور کارکردگی کے مسائل کا سامنا رہا ہے اور اس تازہ استعفے کو انہی چیلنجز کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔