نائب وزیراعظم کا برطانوی وزیرخارجہ سے رابطہ، خطے کی بدلتی صورتحال پرتبادلہ خیال

وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور برطانوی ہم منصب نے باہمی رابطے برقرار رکھنے اورمشاورت جاری رکھنے پراتفاق کیا، ترجمان دفترخارجہ

فوٹو: فائل

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور برطانیہ کی وزیر خارجہ یوویٹ کوپر نے ٹیلی فونک رابطے میں خطے کی بدلتی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ترجمان دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے برطانیہ کی وزیر خارجہ یوویٹ کوپر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ رابطے میں خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر برطانوی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں اور تعمیری کردار کو سراہا ور پاکستان کی جاری کوششوں کی بھی تعریف کی۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس موقع پر پاکستان کے مکالمے، سفارت کاری اور مثبت روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے برقرار رکھنے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

قبل ازیں نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی تھی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں خطے کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس دوران وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے فریقین کے درمیان مکالمے اور سفارتی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔

نائب وزیراعظم نے پاکستان کی جاری سفارتی کاوشوں کی حمایت پر سعودی عرب کا شکریہ بھی ادا کیا اور دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ، برادرانہ اور مضبوط تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Load Next Story