کورنگی میں چوروں نے 2 فلیٹوں کا صفایا کردیا، نقدی، زیورات سمیت  قیمتی اشیا لے کر فرار

چوتھی منزل کا رہائشی بہن کی شادی اور پانچویں منزل کی رہائشی فیملی بھی ایک شادی ہی میں شرکت کے لیے گئی ہوئی تھی

کراچی:

کورنگی کے علاقے میں چوروں نے ایک ساتھ 2 فلیٹوں کا صفایا کردیا اور نقدی، زیورات سمیت قیمتی اشیا لے کر فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق کورنگی اللہ والا ٹاؤن میں شادی کے گھر اور اس کے پڑوس میں چوری کی واردات  ہوئی، جس میں چور نقدی اور طلائی زیورات چوری کر کے لے گئے ۔نبیل اپنی بہن کی رخصتی کے لیے شادی ہال گیا تھا کہ پیچھے واردات ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے کورنگی سیکٹر 31/B اللہ والا ٹاؤن میں واقع رہائشی عمارت کے 2 فلیٹوں کے تالے کھول کر چور نقدی اور طلائی زیورات چوری کر کے لیے گئے ۔ دونوں فلیٹوں کے رہائشی شادی کی تقریب میں گئے تھے جب واپس گھر پہنچے تو گھر کا سامان بکھرا ہوا تھا ۔

ملزمان  نے چوتھی اور پانچویں منزل کو نشانہ بنایا ۔ شادی چوتھی منزل کے رہائشی نبیل کی بہن کی تھی جبکہ پانچویں منزل کا رہائشی سلمان وقاص اور اس کی فیملی بھی شادی میں شرکت کے لیے گئے تھے ۔

نبیل نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم 10 بجے شب گھر سے بارات لے کر چلے گے تھے۔  رات ایک بجے واپس گھر آئے تو دیکھا گھر کےدروازے کھلے اور تالے دروازوں کے قریب زمین پر پڑے تھے ۔ کمروں میں جا کر دیکھا تو الماریوں سے سامان نکال کر زمین پر بکھرا پڑا تھا ۔ ملزمان کیش اور زیوارات لے کر چلے گئے ۔

پانچویں منزل کے رہائشی سلمان وقاص کا کہنا تھا کہ ان کے گھر میں تقریباً 35 ہزار روپے نقدی ، طلائی بُندے اور سونے کی بالیاں غائب تھیں ۔

واقعے کی اطلاع مددگار 15 پولیس کو کی گئی، جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور فارنزک ڈیپارٹمنٹ کو طلب کر کے شواہد اکھٹے کیے ۔

علاقے کے سماجی کارکن فارق گھانچی نے ایکسپریس کو بتایا کہ علاقے میں چوری ، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں عام ہیں ۔ زیادہ تر وارداتیں اُس وقت ہوتی ہیں جب علاقے میں بجلی نہیں ہوتی ۔

انہوں نے بتایا کہ چند روز قبل اِسی علاقے سے ایک گھنٹے کے دوران 7 افراد کو موبائل فون اور نقدی سے محروم کر دیا گیا  تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تالے نہ کاٹے گئے اور نہ ہی توڑے گئے ۔ تالے چابی سے کھولے گئے ہیں۔ شبہ ہے کہ واردات میں کوئی گھر کا بھیدی ملوث ہو سکتا ہے ۔ عمارت میں 10 فلیٹ ہیں۔ 2 گھروں میں وارداتیں ہوگئیں اور کسی کو پتا بھی نہیں چلا ۔ عمارت کے دیگر مکینوں اور ماسیوں سے تحقیقات کی جائے گی ۔ بہت جلد چوروں کو پکڑ لیا جائے گا ۔

Load Next Story