وزیراعلیٰ پنجاب کے جیل ریفارمز ایجنڈے پر مثالی پیشرفت، تعلیم بالغاں پروگرام کا آغاز
وزیراعلیٰ پنجاب کے جیل ریفارمز ایجنڈے پر مثالی پیشرفت ہوئی جس کے تحت اب پنجاب کی جیلوں میں کوئی اَن پڑھ نہیں رہے گا۔
پنجاب کی تمام جیلوں میں تعلیم بالغاں پروگرام کا آغاز ہوگیا، چیئرمین ٹاسک فورس رانا منان خان اور سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کا ڈسٹرکٹ جیل لاہور کا دورہ کیا۔ ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں اسیران کے لیے لٹریسی سینٹر کلاس رومز کا افتتاح ہوگیا، جہاں اساتذہ و طلبا سے ملاقات ہوئی۔
اسپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، آئی جی جیل میاں فاروق نذیر، ایڈیشنل سیکرٹری رومان بورانہ، ڈی جی پروبیش اینڈ پیرول شاہد اقبال، ڈی جی لٹریسی عاصم جاوید، ڈی آئی جی نوید رؤف، سپرنٹنڈنٹ ظہیر ورک و دیگر ہمراہ تھے۔
پنجاب کی 44 جیلوں میں 176 لٹریسی سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، صوبے کی جیلوں میں 17،600 قیدی ایک وقت میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ بڑی جیلوں میں 15 لٹریسی سینٹرز بنائے جائیں گے جبکہ چھوٹی جیلوں میں 4 سینٹرز ہوں گے۔
چیئرمین ٹاسک فورس رانا منان خان نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی جیلوں کو حقیقی معنوں میں اصلاحی مراکز بنایا جا رہا ہے، جیل میں داخلے کے وقت ہر قیدی کی تعلیمی اسکریننگ بھی ہوگی، جیل انڈسٹریز میں اسیران کی تیار کردہ مصنوعات کی فروخت کا جدید نظام متعارف کروایا گیا ہے۔ بہتر ماحول اور تربیت کی فراہمی سے مجرمان کی اصلاح کے لیے مصروف عمل ہیں۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اگر تعلیم مکمل کرنے سے پہلے قیدی آزاد ہو جائے تو لٹریسی ڈیپارٹمنٹ جیل سے باہر تعلیم کا سلسلہ جاری رکھے گا، پنجاب میں 40ہزار پروبیشنرز کے لیے بھی تعلیم بالغاں پروگرام کا آغاز کر رہے ہیں۔
سیکرٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ علم کی روشنی عام کرنے کے لیے جیلوں میں ایک بیش قیمت موقع فراہم کیا گیا ہے اس سے فائدہ اٹھائیں۔ جیلوں میں پریزن ویلفئیر سٹور، اہل خانہ سے باعزت ملاقات، پریزنز ہیلتھ پروگرام جیسے مثالی اقدامات کیے جا رہے ہیں، تعلیم و تربیت اسیران کو رہائی کے بعد دوبارہ جرم سے دور رکھے گی۔
ڈی جی لٹریسی عاصم جاوید اور ڈی جی پروبیش اینڈ پیرول شاہد اقبال نے لٹریسی پروگرام کے آغاز پر مبارکباد دی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔