حزب اللہ کا اسرائیلی فوج کے توپ خانے پر ڈرون حملہ؛ 12 اہلکار زخمی
حزب اللہ نے اس ڈرون حملے میں وہ ٹیکنالوجی استعمال جس سے وہ جیمنگ کی زد میں نہیں آئے
اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان لبنان کی سرحد پر جنگ کا سلسلہ جاری ہے جس میں لبنانی شہریوں کے جاں بحق ہونے اور صیہونی فوجیوں کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حزب اللہ یہ حملہ اسرائیل کے سرحدی علاقے شومیرہ کے قریب ایک توپ خانے (آرٹلری پوزیشن) پر کیا گیا جس میں ایک فوجی گاڑی بھی تباہ ہوگئی۔
اسرائیلی فوج کی گاڑی میں آگ لگ گئی اور قریب موجود گولہ بارود بھی پھٹ گیا جس سے خوفناک آگ بھی بھڑک اُٹھی۔ توپ خانے پر حملے میں اسرائیل کے 12 فوجی زخمی ہوگئے۔
جن میں سے 2 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جب توپ خانہ اور اس میں رکھا گولہ بارود تباہ ہوگیا۔
اسرائیلی فوج اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ اس حملے میں حزب اللہ نے فائبر آپٹک کنٹرول ڈرون استعمال کیا گیا جو الیکٹرانک جیمنگ سے محفوظ ہوتا ہے۔
حزب اللہ کے اس ڈرون حملے کے جواب میں اسرائیلی فوج نے لبنان کے جنوبی علاقوں میں متعدد فضائی حملے کیے۔ جس میں 5 جنگجو جاں بحق ہوگئے
اسرائیلی فوج نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ سرحدی پہاڑی علاقے میں حزب اللہ کے کئی راکٹ لانچنگ پوائنٹس بھی تباہ کیے گئے۔
ادھر لبنان کی وزارتِ صحت نے بتایا کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں 9 افراد ہلاک ہوئے جن میں 2 بچے اور 5 خواتین شامل ہیں جب کہ 23 افراد زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی فوج نے ان حملوں سے قبل جنوبی لبنان کے متعدد دیہات کو انخلا کی وارننگ دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ رہائشی کم از کم ایک کلومیٹر دور منتقل ہوجائیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی ہے جو 17 اپریل سے 10 روز کے لیے شروع ہوئی تھی لیکن بعد میں توسیع کی گئی تھی۔