یوٹیوب، فیس بک، انسٹاگرام اور دیگر کمپنیاں پاکستان میں رجسٹریشن کو تیار نہیں، حکام
فوٹو: فائل
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) حکام نے بتایا ہے کہ فیس بک، انسٹاگرام اور یوٹیوب سمیت دیگر کمپنیاں پاکستان میں رجسٹریشن کے لیے تیار نہیں ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے پاکستان میں دفاتر کھولنے کی حکومتی کوششیں ناکام ہو گئیں اور اس حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی آئی ٹی کو رپورٹ پیش کر دی ہے۔
سینیٹ کمیٹی کو پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تمام بڑی سوشل میڈیا کمپنیوں سے پاکستان میں رجسٹریشن کے لیے رابطہ کیا لیکن بڑی سوشل میڈیا کمپنیوں کی جانب سے مثبت جواب نہیں ملا۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ سوشل میڈیا کمپنیوں کو فوجداری مقدمات کا خوف ہے، جس سے پاکستان میں دفاتر نہ کھولنے کی وجہ قرار دیا گیا ہے، پی ٹی اے کے مطابق ریگولیٹری وضاحت کا فقدان اور موجودہ کاروباری حالات بھی بنیادی وجوہات میں شامل ہیں۔
پی ٹی اے نے وزیر دفاع کی اسرائیل سے متعلق ٹویٹ ایکس سے ہٹانے کے معاملے پر بھی رپورٹ پیش کر دی ہے، حذف شدہ ٹویٹ کی بحالی کے لیے شکایت کنندہ کی جانب سے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی اور اس معاملے میں تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ کسی شکایت کے موصول ہونے پر پی ٹی اے مقررہ طریقہ کار کے مطابق مناسب اقدام کرے گا۔