پاکستان کے محنت کش عزم و ہمت اور قومی وقار کی علامت ہیں، وزیراعظم کا عالمی دن پر خراجِ تحسین

مزدور اور ہنر مند افرادی قوت ہی اندرون و بیرون ملک ہماری قابلیت، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کے آئینہ دار ہیں، شہباز شریف

اسلام آباد:

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے محنت کش عزم و ہمت اور قومی وقار کی علامت ہیں۔

عالمی یوم مزدور(یکم مئی) کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آج اقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر یوم مزدور نہایت پر عزم انداز میں منا رہا ہے۔ انہوں نے دنیا بھر اور بالخصوص پاکستان کے محنت کش مزدوروں کو ان کی بے لوث خدمات پر خراج تحسین اور سلام پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مزدور، کسان، کاریگر، فیکٹریوں میں کام کرنے والے اور دیگر محنت کش طبقات کی قربانی اور خاموش استقامت ہی کھیتوں سے کارخانوں تک، تعمیراتی مقامات سے ورکشاپس تک، مقامی گلیوں سے لے کر عالمی سطح تک کارہائے زندگی کو رواں دواں رکھتی ہے اور یہی بے لوث جفا کش معاشرے کے سب سے بڑے اعزاز کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم پاکستانی مزدور کی عزم و ہمت، مشکلات کو سہنے کے حوصلے اور زندگی کی سختیوں کا وقار کے ساتھ سامنا کرنے کے مثالی جذبے کے شاہد ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مزدور اور ہنر مند افرادی قوت ہی اندرون و بیرون ملک ہماری قابلیت، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کے آئینہ دار ہیں، جبکہ سمندر پار لاکھوں محنت کش قومی صلاحیت اور ملکی اساس کے سفیر ہیں۔ ان کی قابلیت اور محنت سے کمائی گئی ایک ایک پائی ہمارے لیے باعث فخر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی دنیا بھر میں عزت کے ساتھ روزی کماتے ہیں اور ملکی معاشی استحکام میں قیمتی زرمبادلہ کی صورت میں اپنا بیش قدر حصہ ڈالتے ہیں۔ قوم کے مستقبل کے لیے ان کی یہ قومی خدمت ہمارے دلوں پر نقش ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک روزگار کے حصول کے لیے جانے والے ہم وطنوں کی ہنر مندی اور پیشہ ورانہ استعداد کو بڑھانے کے لیے وفاقی حکومت نے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ نیشنل اسکلز ڈیویلپمنٹ پالیسی کے تحت ملکی صنعت و حرفت اور تجارت میں ہنر مندی کی مخصوص ضروریات اور جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔

شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے لیے بین الاقوامی معیار کی تربیت، زبانوں پر عبور اور سرٹیفیکیشن کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ ہماری افرادی قوت دنیا میں باعزت طریقے سے اپنا مقام قائم کر سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قومی ادارے بشمول ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (EOBI) اور ورکرز ویلفیئر فنڈ (WWF) مزدوروں اور ان کے خاندانوں کو پنشن، رہائش، تعلیم اور دیگر فلاحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم نے کہا کہ آئیے آج کے دن تجدید عہد کریں کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں، اجتماعی اور انفرادی سطح پر تمام افراد، تاجر حضرات اور صنعتکار مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ پاکستان کے محنت کش یونہی جفاکشی، مہارت اور نیک نیتی سے ملک کا نام روشن کرتے رہیں اور عزم و ہمت اور قومی وقار کی قابل فخر علامت رہیں۔

Load Next Story