گرین پاکستان انیشیٹو کی بدولت بھکر میں بنجر رقبہ جدید زرعی و برآمدی مرکز میں تبدیل
گرین پاکستان انیشیٹو کی بدولت بھکر میں بنجر رقبہ جدید زرعی و برآمدی مرکز میں تبدیل ہوگیا۔
پروگرام کے تحت زرعی شعبے میں جدت، برآمدات میں وسعت اور خود کفالت کی جانب مؤثر انداز میں پیش رفت جاری ہے۔ سی ای او پینٹیرا لمیٹڈ فرقان علی اختر کے مطابق بھکر میں 1800 ایکڑ کا جدید زرعی فارم صرف 60 دن میں تیار کر کے نئی مثال قائم کی گئی۔
فرقان علی اختر کے مطابق فارم پر 13 سینٹرل پیوٹ سسٹمز اور 2.4 میگاواٹ ہائبرڈ سولر سسٹم کے ذریعے آبپاشی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
چیف آپریٹنگ آفیسر پینٹیرا فارمز فاروق سعید کے مطابق 4 ماہ قبل یہ زمین 20 سے 50 فٹ بلند ریت کے ٹیلوں پر مشتمل تھی، جسے قلیل مدت میں قابلِ کاشت بنایا گیا۔ کل1800 ایکڑ میں سے 1300 ایکڑ زیرِ کاشت ہے جہاں گندم اور روڈز گراس اُگائی جا رہی ہے جبکہ روڈز گراس برآمد بھی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جی پی آئی کی مکمل معاونت، انفرا اسٹرکچر سپورٹ اور بروقت مسائل کے حل کے بغیر اس منصوبے کا آغاز ممکن نہ تھا۔ گرین ایگری مال کے ذریعے معیاری بیج، کھاد اور زرعی سہولیات کی شفاف اور بروقت فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔
فاروق سعید کا کہنا تھا کہ گرین پاکستان انیشیٹو کے ذریعے چینی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک سے پاکستان میں پہلے ہائبرڈ بیج متعارف کرائے گئے ہیں۔