کراچی : موچکو میں دیوار گرنے سے ایک مزدور جاں بحق، سات زخمی
موچکو کچیلا گوٹھ میں زیر تعمیر دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک مزدور جاں بحق جبکہ 7 مزدور زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جاں بحق مزدور کی لاش اور زخمیوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال لایا گیا، حادثے میں جاں بحق مزدور کی شناخت 30 سالہ ممتاز ولد محمد محرم کے نام سے کی گئی جبکہ زخمیوں میں 45 سالہ خادم ، 50 سالہ فتح محمد ، 32 سالہ حیدر اور 35 سالہ امان اللہ سمیت دیگر شامل ہیں۔
اس حوالے سے ایس ایچ او موچکو سہیل فاروق نے بتایا کہ کچیلا گوٹھ میں کی جانے والی پلاٹنگ کے دوران ایک پلاٹ پر 130 فٹ لمبی اور 16 فٹ اونچی دیوار تعمیر کی جا رہی تھی جبکہ دیوار کی تعمیر میں انتہائی ناقص مٹیریل استعمال کیا گیا جس کے باعث دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق جبکہ اور 7 سے 8 مزدور زخمی ہوئے۔
متوفی ممتاز مستری تھا تاہم پولیس دیوار گرنے کے واقعے سے متعلق مزید تفتیش کر رہی ہے۔