چاہتا ہوں ’بیچارا‘ بابر ٹرافی جیتے، وہ کافی عرصے سے کوشش کررہا ہے، شاداب
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں ’بیچارا‘ بابر ٹرافی جیتے کیونکہ وہ کافی عرصے سے کوشش کررہا ہے مگر جیسے حیدرآبادکنگز مین کھیل رہے کام خراب لگتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے دوسرے ایلیمینیٹر میں حیدرآباد کے ہاتھوں اپنی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کی 2 رنز سے شکست کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کیا۔
حیدرآباد کنگزمین نے 5 وکٹ پر 186 رنز اسکور کیے جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹ پر 184 رنز بنا سکی۔
فاسٹ بولر حنین شاہ نے آخری اوور میں 6 رنز کا کامیابی سے دفاع کیا اور اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا، جہاں اس کا اتوار کو ٹرافی کیلیے پشاور زلمی سے مقابلہ ہوگا۔
شاداب خان نے کہا کہ حنین شاہ کی قسمت میں عزت ملنا تھی وہ ملی، انجری سے واپس آنا کوئی آسان کام نہیں تھا، حنین نے ہمیشہ فائٹ کی، اس نے پوری لیگ میں غیر معمولی بولنگ کی۔
واضح رہے کہ بابر اعظم کے لیے بطور کپتان پی ایس ایل ٹرافی جیتنے کا یہ پہلا سنہری موقع ہے، جبکہ ان کی قیادت میں پشاور زلمی پہلی بار فائنل میں پہنچی ہے۔
بابر 2022 میں زلمی کا حصہ بنے، اس سے قبل وہ کراچی کنگز کے لیے کھیلتے رہے اور 2020 کی ٹائٹل جیت میں اہم کردار ادا کیا، جہاں انہوں نے 554 رنز بنائے۔
موجودہ سیزن میں بھی وہ شاندار فارم میں ہیں اور 10 میچز میں 588 رنز اسکور کر چکے ہیں۔