جرمنی کا ایران سے آبنائے ہرمز کھولنے کا مطالبہ

ایران مکمل اور مصدقہ طور پر جوہری ہتھیاروں سے دور ہو اور آبنائے ہرمز فوری طور پر کھول دے، جرمن وزیرخارجہ

فوٹو: فائل

جرمنی نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کھول دی جائے اور تہران جوہری پروگرام ترک کردے۔

جرمنی کے وزیرخارجہ جوہان ویڈیفل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ انہوں نے ایرانی ہم منصب سے بات کی اور ان سے مطالبہ کیا کہ آبنائے ہرمز کھول دی جائے اور تہران اپنا جوہری پروگرام ختم کرے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کے قریبی اتحادی کے طور پر ہمارا مقصد ایک ہے کہ ایران مکمل اور مصدقہ طور پر جوہری ہتھیاروں سے دور ہو اور آبنائے ہرمز فوری طور پر کھول دے جیسا کہ امریکی سیکریٹری اسٹیٹ نے بھی مطالبہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا کہ جرمنی مذاکرات کے ذیرعے تنازع کے حل کی حمایت کرتا ہے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ کے معاملے پر اپنے یورپی اتحادیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا، جب انہوں نے جنگ میں شامل ہونے سے انکار کردیا تھا، امریکی صدر نے جرمن چانسلر فریڈرک مرز، اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز اور برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر سمیت دیگر رہنماؤں پر تنقید کی تھی۔

جرمن چانسلر نے گزشتہ ہفتے بھی اپنے ایک بیان میں ایران جنگ پر تحفظات کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ ایرانی قیادت کی جانب سے امریکا کو ذلیل کیا جا رہا ہے اور امریکا کی حکمت عملی کو کھوکھلی قرار دیا تھا۔

Load Next Story