امریکا نے ایرانی جہاز کو وطن واپس بھیجنے کیلئے پاکستان منتقل کردیا، امریکی میڈیا

چھ دیگر مسافروں کو پچھلے ہفتے ایران واپسی کے لیے پہلے ہی ایک ملک منتقل کر دیا گیا تھا

امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی بحریہ کی جانب سے قبضے میں لئے گئے ایرانی کارگو کو پاکستان منتقل کردیا گیا ہے۔

امریکی میڈیا نے امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ امریکا نے ایرانی بندرگاہوں پر ناکہ بندی کے دوران قبضے میں لیے گئے ایرانی کارگو کو عملے سمیت ایران کو واپس کرنے کی غرض سے پاکستان منتقل کردیا ہے۔

نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز نے سینٹ کام کے ترجمان کیپٹن ٹم ہاکنز کے حوالے سے بتایا کہ امریکی افواج نے ایم وی توسکا اور اس عملے کے 22 ارکان کو وطن واپسی کے لیے پاکستان منتقل کردیا ہے۔

ہاکنز نے مزید کہا کہ چھ دیگر مسافروں کو پچھلے ہفتے ایران واپسی کے لیے پہلے ہی ایک ملک منتقل کر دیا گیا تھا۔

دوسری جانب سینٹ کام نے اس حوالے سے تصدیق کی درخواست کا جواب نہیں دیا ہے جبکہ پاکستانی اور ایرانی حکام نے بھی اس رپورٹ کی تصدیق نہیں کی۔

واضح رہے کہ امریکی بحری افواج نے 19 اپریل کو خلیج عمان میں بحری جہاز توسکا کو اس وقت قبضے میں لے لیا جب اس نے مبینہ طور پر ناکہ بندی کی ہدایات کی تعمیل کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

Load Next Story