کراچی بندرگاہ پر کارروائی، غیر قانونی سی مین بُک رکھنے پر جرمانہ عائد
ایف آئی اے کی کراچی بندرگاہ پر کارروائی کے دوران غیر قانونی سی مین بُکس رکھنے پر تین بنگلہ دیشی سی مینز پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق عمان سے کراچی آئے جہاز کی کلیئرنس کے دوران بے ضابطگیاں سامنے آئیں، جہاز میں 17 افراد کا عملہ سوار تھا جن میں 10 بنگلہ دیشی اور 7 بھارتی شہری شامل تھے۔
جہاز عمان کے شہر شناس سے تقریباً 3000 میٹرک ٹن بلیک کاربن آئل لے کر کراچی پہنچا تھا۔ ایف آئی اے ٹیم نے تین بنگلا دیشی عملے کو بغیر درست سی مین بک کے سفر کرتے ہوئے پایا۔
متعلقہ افراد کے پاس نہ فلیگ اسٹیٹ اور نہ ہی قومی سی مین بک موجود تھیں۔ انہوں نے آئرلینڈ سے جاری کردہ غیر قانونی سی مین بکس پیش کیں۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ سی مین بک آن لائن ٹریننگ کے بعد کورئیر کے ذریعے حاصل کی گئیں۔
جہاز کے ماسٹر کو آگاہ کر کے فی کس 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ مجموعی طور پر 15 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
شپنگ کمپنی کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے اور رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔ قانونی تقاضوں کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس ہے جبکہ ایف آئی اے کی بندرگاہوں پر کڑی نگرانی جاری ہے۔