بنگلادیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز، پی ایس ایل 11 کے فاتح کپتان بابر اعظم ڈھاکا پہنچ گئے
FILE Photo
پاکستان سپر لیگ 11 کی فاتح ٹیم پشاور زلمی کی قیادت کرنے والے بابر اعظم اپنے ساتھی خرم شہزاد کے ہمراہ ڈھاکا پہنچ گئے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق بابر اعظم اور خرم شہزاد کا ڈھاکا ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ دونوں کھلاڑی بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ ہیں۔
ایئرپورٹ پر موجود عوام نے بابر اعظم کو دیکھ کر تالیاں بجائیں اور ان کے حق میں نعرے لگائے، بابر اعظم نے بھی مسکرا کر اور ہاتھ ہلا کر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم منگل سے اپنی باقاعدہ تربیتی مشقوں کا آغاز کرے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان سیریز کا پہلا میچ آٹھ مئی سے میرپور کے شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 16 مئی سے سلہٹ میں شروع ہوگا۔
میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025–27 کا حصہ ہوں گے۔
پاکستان کی 16 رکنی ٹیم میں شان مسعود (کپتان)، امام الحق، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، محمد عباس، حسن علی، خرم شہزاد، ساجد خان، نعمان علی، غازی غوری، اذان اویس، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، عبداللہ فضل اور عماد بٹ شامل ہیں۔ غازی غوری، اذان اویس، عبداللہ فضل اور عماد بٹ ریزرو کھلاڑی ہیں۔
سابق قومی کپتان سرفراز احمد ہیڈ کوچ، عمر گل بولنگ کوچ اور اسد شفیق بیٹنگ کوچ ہیں۔