پشاور میں منشیات کے خلاف کارروائیاں، 1 ہزار گرام سے زائد آئس برآمد، ملزم گرفتار
پشاور کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 1 ہزار گرام سے زیادہ آئس برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا نے تھانہ ایکسائز پشاور ریجن کے تحت منشیات کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں آئس اور شراب برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تھانہ ایکسائز پشاور ریجن نے خفیہ اطلاع پر ایچ گول چوک پشاور کے قریب کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ شخص سے تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 1005 گرام آئس برآمد کی۔ ملزم کی شناخت مشتاق احمد ولد محمد شاہد، سکنہ باڑہ کے نام سے ہوئی، جسے موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔
ملزم کے خلاف تھانہ ایکسائز پشاور ریجن میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
دریں اثناء، ایک اور کارروائی کے دوران ایکسائز ٹیم نے 3 بوتل شراب برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ اس حوالے سے بھی مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
محکمہ ایکسائز حکام کے مطابق منشیات کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور معاشرے کو اس ناسور سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔