سانگھڑ میں جعلی کرنسی کا بڑا دھندا بے نقاب، دو ملزمان گرفتار، لاکھوں روپے برآمد
پولیس نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے جعلی کرنسی کے بڑے نیٹ ورک کا پردہ فاش کر دیا اور دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ڈی ایس پی مختیار علی میمن اور ایس ایچ او گلزار مری نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے 11 لاکھ روپے مالیت کی جعلی کرنسی برآمد ہوئی۔ برآمد ہونے والی رقم میں پانچ ہزار روپے کے 100 اور ایک ہزار روپے کے 600 جعلی نوٹ شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت غلام مصطفیٰ پلیجو اور راشد علی برڑو کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق بھٹ شاہ سے بتایا جاتا ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے دو موبائل فونز اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
ڈی ایس پی مختیار میمن نے مزید بتایا کہ ملزمان کے خلاف جعلی کرنسی رکھنے اور پھیلانے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ انہیں آج متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش جاری ہے اور امکان ہے کہ اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔