سعودی وزارت خارجہ کی خطے میں کشیدگی کم کرنے کی اپیل، پاکستان کی ثالثی کوششوں کی توثیق
سعودی عرب نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے تمام فریقین کو صبر و تحمل سے کام لینے اور حالات کو مزید بگاڑنے سے گریز کرنے کی تاکید کی ہے۔
سعودی عرب کے محکمہ وزارت خارجہ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق موجودہ صورتحال نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن و استحکام کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہے اس لیے فوری طور پر تناؤ کم کرنے کی ضرورت ہے۔
#بيان | تعرب وزارة الخارجية عن قلق المملكة العربية السعودية إزاء التصعيد العسكري الحالي في المنطقة، وتدعو إلى ضرورة التهدئة وعدم التصعيد وضبط النفس، ودعم الوساطة الباكستانية والجهود الدبلوماسية للوصول إلى حل سياسي يجنب المنطقة من الانزلاق نحو المزيد من التوتر وزعزعة الأمن… pic.twitter.com/Gfdk1HoYLe
— وزارة الخارجية 🇸🇦 (@KSAMOFA) May 4, 2026
سعودی عرب نے اس موقع پر پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی کوششوں اور ثالثی کردار کو سراہتے ہوئے اس کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے تاکہ کشیدگی کا سیاسی حل تلاش کیا جا سکے اور خطہ مزید بحران سے بچ سکے۔
بیان میں آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی بحالی کو بھی انتہائی اہم قرار دیا گیا کیونکہ اس راستے کی بندش عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کو متاثر کر سکتی ہے۔
دوسری جانب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے محمد بن زید النہیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں متحدہ عرب امارات کو نشانہ بنانے والے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔
سعودی ولی عہد نے یو اے ای کی سلامتی اور استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔