آبنائے ہرمز میں امریکی پیش قدمی پر ایران کا بڑا اعلان، ہر انچ کا دفاع کیا جائے گا
ایران کی فوج کے کمانڈر اِن چیف امیر حاتمی نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا کا کوئی ائیرکرافٹ کیریئر آبنائے ہرمز کی جانب بڑھنے کی کوشش کرے گا تو اس کا بھرپور اور فوری جواب دیا جائے گا۔
اپنے بیان میں امیر حاتمی نے کہا کہ ایران نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر کروز میزائلوں اور جدید لڑاکا ڈرونز کو پہلے ہی تعینات کر دیا ہے تاکہ کسی بھی غیر ملکی پیش قدمی کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی بحریہ یہ سمجھتی ہے کہ وہ جدید ریڈار اور خفیہ ٹیکنالوجی کے ذریعے خاموشی سے آبنائے ہرمز تک پہنچ سکتی ہے، لیکن ایران اس قسم کی کسی بھی حرکت کا فوری جواب فائر کی صورت میں دے گا۔
ایرانی فوجی سربراہ نے مزید کہا کہ ایرانی افواج خلیج فارس کے پورے خطے پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور اپنے سمندری حدود کے ایک ایک انچ کا دفاع کیا جائے گا۔
ان کے مطابق ایران کسی بھی خطرے کو نظر انداز نہیں کرے گا اور ہر سطح پر تیار ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بیان کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا امکان ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب آبنائے ہرمز عالمی تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم گزرگاہ ہے اور یہاں کسی بھی قسم کی فوجی سرگرمی عالمی معیشت پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔