سندھ حکومت کی سندھ فارمرز کلیکٹوز ایکٹ 2026 پر مشاورت جاری
سندھ حکومت کی سندھ فارمرز کلیکٹوز ایکٹ 2026 پر مشاورت جاری ہے جب کہ واٹر کورسز پر کسان تنظیموں کے قیام پر غور کیا گیا۔
سندھ فارمرز ایگریکلچرل کلیکٹوز ایکٹ 2026 سے متعلق سندھ کابینہ کی قائم کردہ ذیلی کمیٹی کا دوسرا اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش مہر نے کی۔
اجلاس میں صوبائی وزرا جام خان شورو، علی حسن زرداری، معاون خصوصی راج ویر سنگھ سوڈھا، سیکریٹری زراعت محمد زمان ناریجو، ڈی ایس خادم حسین اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایوان زراعت سندھ کے زاہد بھرگڑی، سید ندیم قمر، کاشتکار رہنما محمود نواز شاہ، نبی بخش سیٹھیو، مسرور سومرو سمیت دیگر نمائندے بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران ایوان زراعت سندھ اور کاشتکار رہنماؤں نے ایکٹ سے متعلق اپنی تجاویز ذیلی کمیٹی کے سامنے پیش کیں، ذیلی کمیٹی نے ایکٹ میں مزید تجاویز شامل کرنے اور بہتری کے لیے محکمہ زراعت اور کاشتکار رہنماؤں پر مشتمل چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔
کمیٹی میں ایڈیشنل سیکریٹری زراعت، محکمہ قانون کا نمائندہ اور کاشتکار رہنما محمود نواز شاہ و زاہد بھرگڑی شامل ہوں گے، کمیٹی ایکٹ میں ضروری ترامیم اور اہم تجاویز تیار کرکے سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی کو پیش کرے گی۔
سردار محمد بخش مہر، کمیٹی کی سفارشات موصول ہونے کے بعد سندھ فارمرز ایگریکلچرل کلیکٹوز ایکٹ 2026 کو سندھ کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔
وزیر زراعت، سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلتے ہوئے متفقہ قانون سازی کی جائے، محمد بخش مہر، ایکٹ کی کابینہ سے منظوری کے بعد صوبے کے تمام واٹر کورسز پر ایک ایک کلیکٹوز کوآپریٹو آرگنائزیشن قائم کی جائے گی۔
سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ جن کے لیے باقاعدہ کاشتکاروں کے انتخابات کرائے جائیں گے، ہر تنظیم کی جنرل باڈی میں صدر/چیئرمین، سیکریٹری اور دیگر عہدیدار شامل ہوں گے، تاکہ کاشتکاروں کو منظم اور بااختیار بنایا جا سکے۔