پنجاب میں مفت سفری سہولت سے رائڈر شپ کی نئی تاریخ رقم 

میٹرو بس سروسز، اورنج لائن میٹرو ٹرین، اسپیڈو اور الیکٹرک بسوں سے ہر طبقے کو فائدہ حاصل ہوا

لاہور:

پنجاب میں مفت سفری سہولت سے رائڈر شپ کی نئی تاریخ رقم ہوگئی، مشکل گھڑی میں عوام کو سہولت فراہم کرنے کا عزم جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق 4 اپریل سے 4 مئی تک ایک ماہ میں تقریباً 4 کروڑ مسافروں نے مفت سفری سہولت حاصل کی۔ میٹرو بس سروسز، اورنج لائن میٹرو ٹرین، اسپیڈو اور الیکٹرک بسوں سے ہر طبقے کو فائدہ حاصل ہوا۔

ایک ماہ میں اورنج لائن میٹرو ٹرین سے 1 کروڑ سے زائد مسافروں نے سفر کیا۔ لاہور میٹرو بس سروس سے تقریباً ساڑھے 64 لاکھ جبکہ اسپیڈو بسز سے 45 لاکھ سے زائد مسافروں کو فری سفر کی سہولت حاصل ہوئی۔

پی ایم اے کے تحت لاہور میں چلنے والی گرین الیکٹرک بسوں سے 6 لاکھ زائد مسافرں نے فری سفر کیا۔

راولپنڈی میں گرین الیکٹرک بسوں سے تقریبا 9 لاکھ 25 ہزار جبکہ پاکستان میٹرو بس سروس سے تقریبا 37 لاکھ سے زائد مسافر مستفید ہوئے۔ ملتان میٹرو بس سسٹم سے ساڑھے 30 لاکھ سے زائد جبکہ فیڈر روٹس سے تقریبا پونے 7 لاکھ مسافروں نے سفر کیا۔

پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے تحت مختلف اضلاع میں چلنے والی الیکٹرک بسوں میں 90 لاکھ سے زائد مسافروں نے سفر کیا۔

وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے تقریباً 40 ملین مسافروں کو کامیابی سے مفت سفری سہولت فراہم کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران کو مسافروں کو تمام سہولیات کی فراہمی اور شکایات دور کرنے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ غیر معمولی رش کے باوجود مسافروں کو فری سفری سہولت بغیر کسی رکاوٹ کے کامیابی سے فراہم کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہمیشہ فوری اقدامات اٹھاتی ہیں۔

بلال اکبر خان نے کہا کہ فری سفری سہولت سے ہر عمر، طبقے اور ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ مزدور، ملازم، اسٹوڈنٹس اور بزرگ و خواتین ہر کوئی مفت سفری سہولت سے مستفید ہوا ہے۔

وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کی خوشحالی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ سیکڑوں الیکٹرک بسیں پنجاب کے تمام اضلاع میں چلانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔

Load Next Story