’ہر طرف سے الزامات سہتا ہوں‘، دلجیت دوسانجھ نے تنازعات پر خاموشی توڑ دی
بھارت کے عالمی شہرت یافتہ پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ نے اپنے کینیڈا ٹور کے دوران پیش آنے والے سیاسی تنازعات، خالصتان سے متعلق نعروں اور مسلسل تنقید پر پہلی بار کھل کر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جہاں بھی جاتے ہیں، مختلف الزامات ان کا پیچھا کرتے ہیں، لیکن اس سب کے باوجود وہ خود کو درست راستے پر سمجھتے ہیں۔
اپنے اوورا ورلڈ ٹور کے دوران شمالی امریکا کے مختلف شہروں میں شاندار پرفارمنس دینے والے دلجیت دوسانجھ کو ایک طرف مداحوں کی بھرپور محبت حاصل ہو رہی ہے، تو دوسری جانب انہیں سیاسی اور سماجی حلقوں کی تنقید کا بھی سامنا ہے۔ کینیڈا میں ایک بڑے کنسرٹ کے دوران ہزاروں مداحوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان پر ہر جانب سے الزامات لگائے جاتے ہیں۔
دلجیت نے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ بھارت میں انہیں بعض لوگ خالصتانی قرار دیتے ہیں، جبکہ بیرونِ ملک بھی ان پر مختلف نوعیت کے اعتراضات سامنے آتے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ بعض اوقات انہیں خود بھی سمجھ نہیں آتا کہ وہ کہاں جائیں، تاہم وہ اپنے سفر کو محبت، ثقافت اور فن کے ذریعے جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
کنسرٹ کے دوران ماحول اس وقت مزید پرجوش ہوگیا جب نوجوان مداحوں نے ’پنجابی آ گئے اوئے‘ کے نعرے لگائے۔ دلجیت نے مسکراتے ہوئے اس جذبے کو سراہا اور کہا کہ جب یہ جوش نئی نسل میں منتقل ہو جائے تو اسے کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ دلجیت دوسانجھ کو اپنے عالمی دورے میں ایسے سیاسی حساس لمحات کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ اس سے قبل کیلگری میں بھی ان کے کنسرٹ کے دوران خالصتان کے حامیوں نے مظاہرہ کیا تھا، جس کے باعث انہیں شو عارضی طور پر روکنا پڑا تھا۔
کینیڈا کے کامیاب شوز کے بعد دلجیت اب امریکا کے مختلف شہروں بشمول نیویارک، لاس اینجلس، ٹورنٹو، ڈلاس، اٹلانٹا اور سان فرانسسکو میں اپنے مداحوں کے لیے پرفارم کریں گے۔
فلمی محاذ پر بھی دلجیت دوسانجھ کا کیریئر بھرپور انداز میں جاری ہے۔ وہ ہدایتکار امتیاز علی کی آئندہ فلم ’واپس آؤں گا‘ میں جلوہ گر ہوں گے، جس میں نصیر الدین شاہ سمیت دیگر معروف فنکار شامل ہیں، جبکہ موسیقی اے آر رحمان نے ترتیب دی ہے۔ یہ فلم 12 جون 2026 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔