روس نے امریکا ایران کے درمیان جنگ بندی کیلیے تعاون کی پیشکش کردی
ایرانی عوام کی ثابت قدمی اور حوصلے کے لیے دعاگو ہیں؛ صدر پوٹن
روس نے ایران اور امریکا کے درمیان دو ماہ سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے فارس نیوز ایجنسی کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لارووف نے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
روسی وزیر خارجہ نے ایرانی ہم منصب کو یقین دلایا کہا کہ روس خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔
دونوں رہنماؤں نے موجودہ سیکیورٹی صورتحال، بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ سفارتی حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
روسی وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ جنگ کا تسلسل نہ صرف ایران بلکہ پورے مشرق وسطیٰ کے استحکام کے لیے خطرہ ہے اس لیے فوری جنگ بندی اور مذاکرات کی بحالی ناگزیر ہے۔
جس پر ایرانی وزیر خارجہ نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ روسی منصب کو آبنائے ہرمز میں امریکی ناکہ بندی اور ایران پر عائد مسلسل پابندیوں سے متعلق آگاہ کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے جنگ بندی معاہدے کے لیے پاکستان کی ثالثی میں ہونے والی پیشرفت پر بھی روسی وزیر خارجہ کو اعتماد میں لیا۔
ادھر ایرانی حکام نے روس کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایسے کسی بھی اقدام کی حمایت کریں گے جو جنگ کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام میں مددگار ثابت ہو۔