ارشاد رانجھانی قتل کیس میں 2 سابق اہلکاروں کی ضمانت منسوخ، گرفتاری کا حکم

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق سب انسپیکٹر علی گوہر اور سابق کانسٹیبل الطاف کو گرفتار کرنے کا حکم بھی دیا

فوٹو: فائل

انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے ارشاد رانجھانی قتل کیس میں 2 سابق پولیس اہلکاروں کی عبوری ضمانت منسوخ کرتے ہوئے جیل بھیجنے کا حکم دیدیا۔

کراچی سینٹرل جیل انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت کے روبرو ارشاد رانجھانی قتل کیس کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے 2 سابق پولیس اہلکاروں کی عبوری ضمانت منسوخ کردی اور دونوں ملزمان کو حراست میں لیکر جیل بھیجنے کا حکم دیدیا۔

ملزمان میں سابق سب انسپیکٹر علی گوہر اور سابق کانسٹیبل الطاف علی شامل ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ شواہد سے دونوں ملزمان کا واقعہ سے تعلق ثابت ہوتا ہے۔ عبوری ضمانت کی توثیق کے لیے کوئی معقول وجہ موجود نہیں۔

مدعی کے وکیل فاروق حیدر جتوئی نے موقف اپنایا تھا کہ 2023 میں شریک ملزم عبدالرحیم شاہ کو سزا ہو چکی ہے جبکہ دو ملزمان بری ہوئے تھے۔

واقعے سے لے کر فیصلہ آنے تک ملزمان مفرور رہے۔ ملزمان نے مقدمے کا فیصلہ آنے کے بعد سرنڈر کرتے ہوئے عبوری ضمانت حاصل کی تھی۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے کچھ ماہ قبل عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کی تھی۔ واقعے میں مقتول کو 5 گولیاں ماری گئی تھیں۔

Load Next Story