چین نے امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ ’غیر قانونی‘ قرار دے دی
چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جاری جنگی کارروائیوں کو ’غیر قانونی‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ اس وقت ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق بیجنگ میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کے دوران وانگ یی نے زور دیا کہ خطے میں استحکام کے لیے فوری اور مکمل جنگ بندی ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے تمام فریقین کے درمیان براہ راست مذاکرات ضروری ہیں۔
چینی وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ چین خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور کشیدگی میں کمی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گا۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے چین کے مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیجنگ نے امریکا اور اسرائیل کے اقدامات کی واضح مذمت کر کے ایک مضبوط اور اصولی موقف اختیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور چین کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہوگا۔
ماہرین کے مطابق چین کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور عالمی طاقتیں اس بحران کے حل کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر رہی ہیں۔