وزیر داخلہ محسن نقوی کا سملی ڈیم کا دورہ، ڈیم کی توسیع کے بارے بریفنگ

سملی ڈیم سے اسلام آباد کو 40 فیصد پانی فراہم کیا جاتا ہے، سملی ڈیم کی توسیع کے لیے قابل عمل پلان طلب کر لی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سملی ڈیم کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہیں ڈیم کی توسیع کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سملی ڈیم سے اسلام آباد کو 40 فیصد پانی فراہم کیا جاتا ہے۔

وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے سملی ڈیم کی توسیع کیلئےقابل عمل اور جامع پلان جلد پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ توسیعی منصوبے سے پانی کی وافر فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔

انہوں نے ڈیم کے اطراف کے علاقے کا بھی جائزہ لیا اور وہاں تفریحی سرگرمیوں کے فروغ اور ڈویلپمنٹ کے لیے منصوبہ طلب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں واٹر سپورٹس اور دیگر تفریحی سرگرمیوں کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جن کے فروغ سے علاقے میں ترقی آئے گی اور مقامی افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے شہریوں کو عالمی معیار کی تفریحی سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

Load Next Story