’ہم کسی دھمکی کے آگے نہیں جھکیں گے‘، ایرانی صدر کا امریکا کو دو ٹوک پیغام

مسعود پزشکیان نے امریکی حکام پر زور دیا کہ وہ ایران کو فوجی حملوں کی دھمکیاں دینا بند کریں

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے امریکا کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کسی بھی قسم کی دھمکیوں کے سامنے نہیں جھکے گا اور اسلامی جمہوریہ کو کوئی بھی خوفزدہ نہیں کر سکتا۔

بدھ کے روز جاری اپنے بیانات اور سوشل میڈیا پیغامات میں ایرانی صدر نے کہا کہ مسلمان صرف اللہ کے سامنے جھکتے ہیں اور کسی بھی طاقت کے دباؤ کو قبول نہیں کرتے۔ انہوں نے امریکی حکام پر زور دیا کہ وہ ایران کو فوجی حملوں کی دھمکیاں دینا بند کریں۔

مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی نظام میں ناانصافی، قانون کی خلاف ورزی اور ظلم بڑھ رہا ہے، جس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ سیاست کو صرف طاقت تک محدود کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران خود کو ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر پیش کرتا ہے جو اخلاقی اصولوں پر قائم ہے اور عالمی سطح پر انصاف اور استحکام کا حامی ہے۔

Load Next Story