خیبر میں اسپورٹس کمپلیکس، کرکٹ اسٹیڈیم کی زمین لیز کے خلاف دائر درخواست خارج
پشاور ہائیکورٹ میں ضلع خیبر میں اسپورٹس کمپلیکس کی زمین لیز کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔
سماعت جسٹس اعجاز انور اور جسٹس بابر ستار نے کی، عدالت نے کرکٹ اسٹیڈیم کی زمین لیز کے خلاف دائر درخواست خارج کر دی۔
وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ضلع خیبر میں سپورٹس کمپلیکس تعمیر ہو رہا ہے اور اس کی زمین لیز کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے، وکیل کے مطابق درخواست گزار ضلع خیبر کی ایک قوم کی نمائندگی کر رہے ہیں، سٹیڈیم کی زمین لیز پر لینے میں قوانین کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔
زمین لیز پر لینے کے لیے ایک قومی کمیٹی بنائی گئی تھی، جس شخص کو 120 ملین ادائیگی کی گئی اس کا نام کمیٹی میں کہیں بھی شامل نہیں ہے۔
وکیل فریقین خالد محمود ایڈووکیٹ نے کہا کہ سٹیڈیم کے لیے 240 کنال زمین لیز پر لی گئی ہے اور تعمیر کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے ہیں، یہ ایک بڑا سٹیڈیم ہے جس میں کرکٹ گراؤنڈ، سوئمنگ پول اور پارک پر کام جاری ہے۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اسد جان درانی نے کہا کہ سٹیڈیم پر کافی عرصے سے کام جاری ہے اور درخواست گزار اب تک خاموش تھا، صوبائی حکومت نے رولز کے مطابق سٹیڈیم کے لیے زمین خریدی ہے۔
اسٹیڈیم پر تعمیراتی کام جاری ہے اور اپیل کے لیے مقررہ وقت بھی گزر چکا ہے، عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر درخواست خارج کر دی۔