پنجاب میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان، کن اضلاع میں زیادہ بارشیں ہوں گی؟

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 7 سے 11 مئی تک ہیٹ ویو اور معمول سے زیادہ درجہ حرارت کا خدشہ ہے، پی ڈی ایم اے

لاہور:

پی ڈی ایم اے پنجاب نے آئندہ 3 ماہ کے لیے موسمی صورتحال کے حوالے سے متعلقہ محکموں کو مراسلہ جاری کر دیا۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مئی، جون اور جولائی میں معمول سے زیادہ بارشیں اور درجہ حرارت متوقع ہے۔ مئی کے دوران صوبے بھر میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہے گا۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 7 سے 11 مئی تک ہیٹ ویو اور معمول سے زیادہ درجہ حرارت کا خدشہ ہے۔

شمالی اور شمال مغربی پنجاب میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔ مشرقی پنجاب میں معمول سے تھوڑی کم بارشیں متوقع ہیں جبکہ وسطی پنجاب کے علاقوں میں معمول کی بارشوں کا امکان ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا گیا۔

لوکل گورنمنٹ محکمہ ماحولیات محکمہ صحت جنگلات ٹورازم ٹرانسپورٹ اور محکمہ تعلیم جبکہ کمشنرز ڈپٹی کمشنرز محکمہ پولیس واسا اور ریسکیو 1122 کو مراسلہ جاری کیا گیا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام محکمے پیشگی انتظامات مکمل کریں۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ہیٹ ویو کی صورت میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔

عمر جاوید نے کہا کہ بچوں اور معمر افراد کو ہر گز دھوپ میں نہ جانے دیں، آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے مقامات تلے ہرگز نہ جائیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا ہ عوام الناس کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں، خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

Load Next Story