ہمیں ایران کے ساتھ خراب معاہدے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا، امریکی محکمہ خارجہ

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق واشنگٹن ایران کے ساتھ جاری مذاکرات اور خطے کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پگوٹ نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ کسی بھی معاہدے میں جلد بازی نہیں کرے گا اور کسی کو بھی یہ اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ واشنگٹن کو ’خراب معاہدے‘ پر مجبور کرے۔

عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹومی پگوٹ نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح طور پر سفارتی راستے کو ترجیح دینے کا اعلان کیا ہے، تاہم امریکا صرف ایسا معاہدہ قبول کرے گا جو امریکی مفادات کے مطابق ہو۔

انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ امریکی عوام کے لیے اچھی ڈیل کرنا چاہتے ہیں اور ان کا مؤقف بالکل واضح ہے کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ واشنگٹن ایران کے ساتھ جاری مذاکرات اور خطے کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔

ان کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ جنگ بندی اور پابندیوں میں نرمی سے متعلق مختلف سفارتی خبریں گردش کر رہی ہیں۔

حالیہ دنوں میں امریکی اور بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دونوں ممالک جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر ایک ممکنہ فریم ورک معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں، تاہم امریکی حکام اب بھی ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کیے ہوئے ہیں۔

Load Next Story