وزیراعظم شہباز شریف سے قطر کے وزیراعظم کا ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

قطر مشرق وسطیٰ میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے پاکستان کی قیادت میں جاری سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا

فوٹو: فائل

وزیراعظم شہباز شریف اور  قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم آل ثانی نے خطے میں پائیدار امن کے لیے سفارتی کوششیں آگےبڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو آج قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم آل ثانی کا ٹیلیفون موصول ہوا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گرم جوش اور خوش گوار گفتگو کے دوران خطے کی موجودہ صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ دونوں جانب سے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے جاری سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے 16 اپریل کو دوحہ کے اپنے حالیہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امیر قطر تمیم بن حمد آل ثانی اور قطری قیادت کے ساتھ ملاقاتیں خطے میں امن کے فروغ کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے میں نہایت مفید ثابت ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام امیر قطر کے جلد پاکستان کے دورے کے منتظر ہیں اور ان کا یہ دورہ پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

قطر کے وزیراعظم نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا اور انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو یقین دلایا کہ قطر مشرق وسطیٰ میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے پاکستان کی قیادت میں جاری سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

Load Next Story