کراچی: جعلی شادی سرٹیفکیٹ پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام، خاتون گرفتار
کراچی: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے جعلی شادی سرٹیفکیٹ پر بیرونِ ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی، خاتون مسافر کو آف لوڈ کر دیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق عمان جانے والی خاتون کو امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشکوک دستاویزات کی بنیاد پر روکا گیا۔ خاتون Relative Joining Visa ویزا پر سفر کر رہی تھی، جس پر اس سے شادی سے متعلق دستاویزات طلب کی گئیں۔ دورانِ انٹرویو اس کے بیانات میں واضح تضادات سامنے آئے۔
حکام کے مطابق خاتون نے اعتراف کیا کہ اس کی محمد ریحان کے ساتھ قانونی شادی نہیں ہوئی جبکہ پیش کیا گیا میرج سرٹیفکیٹ جعلی اور ارینجڈ نکلا۔
خاتون نے مزید انکشاف کیا کہ عمان کا ریلیٹو جوائننگ ویزا حاصل کرنے کے لیے اس نے ایجنٹ کے ذریعے جعلی دستاویزات تیار کروائیں۔
ایف آئی اے حکام نے جعلی شادی سرٹیفکیٹ، عمان آئی ڈی اور دیگر مشتبہ دستاویزات اپنی تحویل میں لے لیں، جبکہ مسافر کے موبائل فون سمیت تمام ریکارڈ مزید تحقیقات کے لیے اے ایچ ٹی سی کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔