ہرمز کشیدگی کے دوران ایک ملین بیرل تیل لے کر پہلا آئل ٹینکر جنوبی کوریا پہنچ گیا

اوڈیسا نامی جہاز نے 17 اپریل کو آبنائے ہرمز عبور کی تھی، جب ناکہ بندی میں مختصر نرمی دیکھی گئی تھی

جنوبی کوریا میں آبنائے ہرمز کی کشیدہ صورتحال کے باوجود خام تیل لے جانے والا پہلا جہاز پہنچ گیا جس کے بعد ملک میں توانائی سپلائی سے متعلق خدشات میں کچھ کمی دیکھی جا رہی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مالٹا کے پرچم بردار آئل ٹینکر اوڈیسا کو جمعہ کی صبح جنوبی کوریا کے شہر سیوسان کے ساحلی علاقے کے قریب دیکھا گیا۔

رپورٹس کے مطابق جہاز تقریباً 10 لاکھ بیرل خام تیل لے کر پہنچا ہے۔ یہ جہاز ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں نافذ ناکہ بندی کے دوران اس اہم بحری راستے سے گزر کر جنوبی کوریا پہنچنے والا پہلا آئل ٹینکر قرار دیا جا رہا ہے۔

توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس شپمنٹ کی آمد سے جنوبی کوریا میں تیل کی سپلائی اور توانائی تحفظ سے متعلق خدشات میں کمی آئے گی، خاص طور پر ایسے وقت میں جب امریکا اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ کشیدگی کے باعث عالمی تیل سپلائی متاثر ہو رہی ہے۔

صنعتی ذرائع کے مطابق جہاز میں موجود خام تیل کو ریفائنری میں پراسیس کرنے کے بعد مقامی مارکیٹ میں پیٹرول، ڈیزل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی صورت میں فراہم کیا جائے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اوڈیسا نامی جہاز نے 17 اپریل کو آبنائے ہرمز عبور کی تھی، جب ناکہ بندی میں مختصر نرمی دیکھی گئی تھی۔

Load Next Story